اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے داسو ڈیم کی تعمیر میں چائنا کنسٹرکشن کمپنی کی نااہلی کا معاملہ ورلڈ بینک سے اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس دوست محمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے داسو ڈیم کے تعمیراتی ٹھیکے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ داسو ڈیم تو اربوں ڈالر کا منصوبہ ہے اور حکومت کے پاس چھوٹا ڈیم بنانے کیلئے پیسے نہیں جسٹس دوست محمد نے ریمارکس دئیے کہ داسو ڈیم 10 سال پہلے بن جانا چاہیے تھا تاہم اس کی تعمیر میں تاخیرکی وجہ حکومتوں کی کوتاہیاں ہیں ٗ نقصان کا پیسہ عوام کے ٹیکس کے پیسے سے ادا ہو گا۔عدالت نے کہا کہ کوئی ایسا کوئی حکم نہیں دینا چاہتے جس سے ملک کا نقصان ہو، حکومت چائنا کنسٹرکشن کمپنی کی نااہلی کا معاملہ ورلڈ بینک سے اٹھائے۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔