کراچی(این این آئی)پچیس سال تک کراچی کی سڑکوں پرکس نے خون کی ہولی کھیلی کس نے کتنے مخالفین کومارا؟اورکون کس کے کہنے پر کس ، کس کی جان لیتا رہا ؟ قانون نافذکرنے والے اداروں کی رپورٹ منظرعام پر آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق 1990 سے نومبر 2015 تک کس نے گولی چلائی ؟ اور کس کے کہنے پر چلائی ؟ 3620 شہریوں کا ناحق خون کس نے بہایا؟ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تفصیلی رپورٹ مرتب کرلی ہے۔ گولی چلانے اور چلوانے والا کوئی اور نہیں بلکہ وہی سیاسی جماعتیں نکلیں،جنہیں عوام نے ووٹ کی طاقت سے ایوان تک پہنچایا۔ذرائع کے مطابق رپورٹ قتل وغارت میں ملوث ملزموں سے کی گئی 583 سے زائد جے آئی ٹیز اور تفتیش کی مدد سے بنائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایم کیوایم نے پچیس سال میں 2475 افراد کو موت کی نیند سلاکر دیگر جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ قتل وغارت گری میں ایم کیو ایم حقیقی نے بھی حصہ ڈالا ،رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں ایم کیوایم حقیقی نے 43مخالفین کو قتل کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے گرفتار دہشت گردوں نے 719 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کئے۔ پچیس سال میں عوامی نیشنل پارٹی نے 34 جبکہ لیاری گینگ وار،پیپلزپارٹی اور امن کمیٹی کے دہشت گردوں 345 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا۔ مسلم لیگ فنکشنل کے گرفتار ملزم نے بھی ایک شخص کے قتل کا اعتراف کیا۔