کراچی (این این آئی) دینی مدارس کے رجسٹریشن ہر صورت میں ہوگی اس حوالے سے دینی جماعتوں کے تحفظات دور کریں گے۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اپیکس کمیٹی میں بہت سے اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں کورکمانڈراورڈی جی رینجرز نے بریفنگ دی۔اجلاس میں امن وامان سے متعلق قانون نافذکرنیوالے اداروں کی کوششوں کوسراہاگیا ہے جبکہ اجلاس میں پولیس ریفارمز پر بھی مشاور ت کی گئی ہے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جہاں سے ملک دشمن سرگرمی ہوگی وہاں کارروائی کی جائے گی۔جس جگہ سے ملک کے خلاف بات ہوگی اسے خالی اوربند کیا جائیگا۔زبانی کلامی سے کام نہیں چلے گا،وفاقی حکومت اپناکرداراداکرے۔وفاقی حکومت کی جو ذمہ داری ہے وہ اس کو پورا کرے ۔انہوں نے کہا کہ 22اگست جیسے واقعات کسی صورت قبول نہیں کرسکتے ہیں ۔،منہدم کیے جانے والے سیاسی دفاترسرکاری زمینوں پرقائم تھے۔ نیشنل ایکشن پلان پرسب سے زیادہ عملدرآمدسندھ میں کیاگیاہے ۔ملک میں دہشت گردی میں غیر ملکی بھی ملوث رہے ہیں ۔ہمارا ملک غیر معمولی حالات سے گزررہاہے۔سندھ میں عارضی مکینوں کاریکارڈ رکھا جائے گااورصوبے کے درمیان آمدورفت کا طریقہ بھی بہتر بنایا جائیگا۔دہشت گردی میں غیر ملکی ملوث ہیں سدباب کریں گے۔مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش پرسختی سے عملدرآمدکرایاجائے گاجبکہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی رجسٹریشن میں تجدید کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے رجسٹریشن ہر صورت میں ہوگی اس حوالے سے دینی جماعتوں کے تحفظات دور کریں گے ۔قیام امن کیلئے پولیس میں نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دفاتر سرکاری زمین پر قائم تھے۔قابضین کو قبضے سے ہٹایا گیا ہے ۔سیاست کا یہ چلن نہیں ہونا چاہئے کہ ہنگامہ آرائی کی جائے۔حکومت کو گالی دیں ہمیں دیں لیکن ملک کو نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر جو تنظیمیں کھالیں جمع کرنا چاہتی ہیں ان کو ڈپٹی کمشنر سے اجاز ت لینا ہوگی اور کھالیں جمع کرنے والوں کو آڈٹ بھی کرانا ہوگا ۔