اسلام آباد (این این آئی)پارلیمانی انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ کا حق ممکن ہے ٗ پاکستانی تارکین وطن کی رجسٹریشن سافٹ ویئر کی تیاری کے بعد ہو گی۔ منگل کو ذیلی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں کنوینئر زاہد حامد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران چیئرمین نادرا کی طرف سے کمیٹی کو نائیکوپ کارڈ ہولڈروں کیلئے رجسٹریشن کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی جبکہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بائیو میٹرک ووٹر آئیڈنٹی فیکیشن اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ کمیٹی نے یکساں انتخابی قانون کے مسودہ پر الیکشن کمیشن کے اعتراضات پر بھی غور کیا۔ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے زاہد حامد نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانی انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے جبکہ نائیکوپ اور پاسپورٹ نمبر ووٹر کی رجسٹریشن کے وقت درج کیا جائے گا۔ سافٹ ویئر کی تیاری کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن ہو سکے گی۔ انتخاب سے پہلے ووٹر کو خفیہ کوڈ الاٹ کیا جائے گا جس کے بعد اس سے مختلف سوال پوچھے جائیں گے، درست جواب دینے پر بیلٹ پیپر اس کے سامنے آ جائے گا، ایک موبائل فون کے ذریعے ایک ووٹ ہی کاسٹ ہو سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا نے انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ کے حق کے استعمال کے حوالہ سے کمیٹی کے تحفظات دور کر دیئے ہیں۔