اسلام آباد (این این آئی)نادرا کے چیئر مین نے انتخابی اصلاحات کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کو بتایا ہے کہ انٹرنیٹ کے ذریعے 80لاکھ پاکستانی تارکین وطن کو ووٹ کاحق ممکن ہے جبکہ انتخابی اصلاحات کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے اوور سیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن اور ووٹنگ سے متعلق تفصیلی سفارشات پرنادرا سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ذیلی کمیٹی کااجلاس منگل کو کنوینر زاہد حامد کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہو اجس میں چیئرمین نادرا نے اوور سیزپاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ کاحق دینے کے بارے میں تجویز پر بریفنگ دی۔ چیئرمین نادرا نے کمیٹی کو بتایاکہ انٹرنیٹ کے ذریعے 80لاکھ پاکستانی تارکین وطن کو ووٹ کاحق ممکن ہے ۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر زاہد حامد نے بتایا کہ اوور سیز پاکستانیوں کو مستند ڈیٹاکوڈ فراہم کیاجائیگا اسی کوڈ کے ذریعے فراہم کردہ موبائل نمبر سے ہی یہ لوگ ووٹ ڈال سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کے الیکشن آپریشن کی ذمہ داری بھی نادرا کو دینے پر اتفاق ہواہے۔ نادرا کی جانب سے بتایاگیاہے کہ ادارہ ایک سال میں ایک لاکھ 40ہزار تارکین وطن کی رجسٹریشن کرسکتاہے جس پر کمیٹی نے رجسٹریشن کے عمل کو تیزکرنے اور وسائل کے بارے میں نادرا سے رپورٹ طلب کرلی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی پہلے رجسٹریشن ہو گی جس کے بعد ان کے فنگر پرنٹس لئے جائیں گے ۔کمیٹی نے نادرا سے اوور سیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن اورووٹنگ سے متعلق تفصیلی سفارشات پر نادرا سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ اوور سیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی ذمہ داری بھی نادرا کودینے پر اتفاق ہواہے۔