اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے بھارت کو مسئلہ کشمیر پر بات چیت کیلئے با ضابطہ طور پر دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین اوپن تنازعہ مسئلہ کشمیر ہے ،اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کرنا چاہیئے۔ پاکستانی سیکرٹری اعزاز چوہدری نے پیر کے روز پاکستان میں بھارت کے ہائی کمشنر گوتم بمبا والے کے ساتھ دفتر خارجہ میں ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے یہ دعوت دی ۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ کی جانب سے بھارتی ہائی کمشنر کو بھارتی سیکرٹری خارجہ کے نام ایک خط دیا گیا ہے جس میں انہیں پاکستان کے د ورے اور کشمیر کے مسئلے پر دو طرفہ مذاکرات کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اوپن تنازعہ مسئلہ کشمیر ہے، کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو بھارت طاقت کے ذریعے دبا نہیں سکتا۔ دونوں ممالک پر عالمی ذمہ داری ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کریں