لاہور (آن لائن) برطانوی پارلیمنٹ ’’ہاؤس آف کامن ‘‘ کے ممبران لیم برائن، ورلی واز، گوزیلا سٹیورٹ نے صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کو سنائی گئی غیر منصفانہ سزا پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کو انصاف فراہم کرنے کی اپیل کردی ہے۔ برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے حکومت اور پاکستان میں برطانوی سفارت خانے کو خط لکھ کر صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پر زوردیا ہے۔ ممبران پارلیمنٹ نے اپنے خطوط میں کہا ہے کہ حامد سعید کاظمی کو کرپشن ثابت نہ ہونے کے باوجود اور انکی ضمانت منظور نہ کرنے پر عالمی جمہوری ، آئینی اور انسانی حقوق کے حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے حامد سعید کاظمی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور انہیں اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس سے بھی حامد سعید کاظمی کے مقدمے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حامد سعید کاظمی کے مقدمے میں 86گواہان میں سے کسی ایک گواہ نے بھی ان کے خلاف گواہی نہیں دی۔ اس کے باوجو د حامد سعید کاظمی کو سزا سناناناانصافی ہے۔حامد سعید کاظمی پہلے بھی 18ماہ جیل کاٹ چکے ہیں اور دوران ضمانت ہر پیشی پر عدالت میں حاضر ہوتے رہے ہیں۔