اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان سے مبینہ طور پر بچوں کو اغوا کرکے اعضاء کی فروخت کے لئے انہیں تھائی لینڈ سمگل کرنے کا انکشاف ہوا ہے‘ پولیس نے لاہور سے سمگلنگ کے لئے اغواء کی گئی ایک بچی سمیت چھ بچوں کو بازیاب کرالیا ہے‘ جسمانی اعضاء کی فروخت کیلئے بچوں کے اغواء کے سکینڈل کی تحقیقات ڈائریکٹر ایف آئی اے مظہر کاکا خیل کے سپرد کردی گئی ‘ بچوں کو گتے کے ڈبوں میں بند کرکے کارگو کے ذریعے بیرون ملک سمگل کیا جاتا تھا۔ایف آئی اے کے ڈائریکٹر مظہر الحق کاکا خیل نے تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دیدی ۔ بدھ کو ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق لاہور میں بچوں کو اغوا کے بعد قتل کرکے اعضا فروخت کرنے کے معاملے پر ایف آئی اے اسلام آباد نے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ بچوں کے اغوا کے تحقیقات کی ذمہ داری ڈائریکٹر مظہر الحق کاکا خیل کو سونپی گئی ۔ مظہر الحق کاکا خیل نے کہا کہ بچوں کے قتل اور اعضا بیچنے سے متعلق معلومات ایف آئی اے کو فراہم کریں۔ اغواء ‘ اعضاء بیچنے سے متعلق معلومات شہری ان نمبرز پر 03445511457, 051-2612281 پر دیں۔ ذرائع کے مطابق بچوں کو اغواء کرکے اعضاء کی فروخت کے لئے انہیں تھائی لینڈ سمگل کرنے کا انکشاف ہوا اور پولیس نے لاہور سے سمگلنگ کے لئے اغواء کی گئی بچی سمیت چھ بچوں کو بازیاب کرالیا ہ ۔ذرائع کے مطابق بچوں کو بے ہوش کرکے ان کے منہ پر پٹیاں باندھی گئی تھیں جبکہ ان کے ٹانگیں اور ہاتھ بھی بندھے ہوئے تھے ۔ سوشل میڈیا پر بچوں کے اغواء کی تصاویر سامنے آنے پر ایف آئی اے نے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ۔ ایف آئی اے کی ٹیم لاہور پولیس کے ان اہلکاروں کے بیانات قلمبند کرے گی جنہوں نے بچوں کو بازیاب کرایا جبکہ بچوں اور ان کے والدین سے بھی ایف آئی اے اہلکار ملاقاتیں کریں گے تاکہ اغواء کاروں کا سراغ لگایا جاسکے۔
6بچوں کی اغواء کے بعد جسمانی اعضاء فروخت کرنے کیلئے تھائی لینڈ سمگلنگ،حقیقت یا فسانہ؟ تہلکہ خیز انکشافات
لاہور ( این این آئی) ایف آئی اے نے اغوا ء کئے گئے بچوں کی تھائی لینڈ اسمگلنگ کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں ،پولیس نے ایک بچی سمیت چھ بچوں کو بیرون ملک اسمگل کر نے کی کوشش ناکام بنائی تھی۔نجی ٹی وی کے مطابق اغوا ء کئے گئے چھ بچوں کو جسمانی اعضا کی فروخت کیلئے تھائی لینڈ اسمگلنگ کی کوشش کی گئی تھی جسے ناکام بنادیا گیا تھا ۔ان بچوں کے منہ پر ٹیپ اور ہاتھ پاؤں باندھے گئے تھے ۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے سوشل میڈیا پر بچوں کی تصاویرجاری ہونے کے بعد آیف آئی اے کو تحقیقات کی ہدایت کی تھی جس پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔ا یف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کی اسمگلنگ سے متعلق کوئی بھی شخص معلومات فراہم کر سکتا ہے۔تاہم ایف آئی اے نے بچوں کی تحویل یا شناخت کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے پر ہی مزید تفصیل فراہم کی جائے گی۔