اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیک ری پبلک کے سفیر جان فیوری نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاک چین اقتصادی راہداری میں شمولیت کا خواہاں ہے،اعلیٰ اختیاراتی پاکستانی وفد جلد پراگ کا دورہ کرے گا جہاں سی پیک، باہمی تجارت اور وسط ایشیا تک رسائی سمیت کئی معاملات پربات چیت ہوگی، چیک جمہوریہ کے وزیر اعظم پہلی فرصت میں پاکستان کا دورہ کریں گے اورراہداری کے علاوہ توانائی، ٹیکسٹائل، اسٹیل و ٹرانسپورٹیشن، آئی ٹی، الیکٹرونکس و ہیوی مشینری کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہو گی۔وہ ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس میں پاک چیک بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اس دوران بزنس کونسل کے چیئرمین عامر عطا باجوہ، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر جوہر علی راکی، ملک سہیل، زاہد مقبول، اسلام آباد چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ اور سرگودھا، فیصل آباد و دیگر چیمبرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ چیک ری پبلک کے سفیر نے کہا کہ مغربی میڈیا پاکستان کی منفی تصویر کشی کر رہا ہے جبکہ مقامی حالات بہت بہتر ہو گئے ہیں اور پاکستانی معیشت ترقی کر رہی ہے۔