اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزارت خارجہ امور نے خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری کی سرکاری رہائش گاہ کی تزئین و آرائش پر ایک کروڑ10لاکھ روپے خرچ کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔جمعہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق موجودہ سیکرٹری خارجہ کی جانب سے سرکاری رہائش گاہ پر کسی قسم کے اخراجات نہیں کئے گئے ہیں۔ ترجمان نے میڈیا رپورٹ کو بے بنیاد اور جھوٹ پرمبنی الزام قرار دیا ہے۔میڈیا رپورٹ میں پبلک اکاونٹس کمیٹی رپورٹ کا حوالہ دیا گیاتھا تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ رپورٹرنے کسی ٹائم پیریڈ کا ذکر کیا تھا اور نہ ہی اپنے الزامات ثابت کرنے کیلئے تفصیلات فراہم کی تھیں۔اسکے علاوہ رپورٹر کا دفترخارجہ کے ترجمان کو بعض دستاویزات کی فراہمی کا دعوی بھی جھوٹ پر مبنی ہے۔حقیقت میں ترجمان نے انکے دعوے کی تفصیلات طلب کی تھیں جو فراہم نہیں کی گئیں۔وزارت خارجہ نے دفتر خارجہ کی طرف سے پفوا کے بعض ارکان کیلئے چین کے ٹکٹ خریدنے کے الزام کوبھی مکمل بے بنیاد قرار دیا ہے۔