اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا کے ضلعی سطح پر ہونیوالے بلدیاتی الیکشن میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے مرتکب نومنتخب 57 کونسلرز کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں دائر ریفرنس بھی واپس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔جنگ رپورٹر عاصم جاوید کے مطابق آئندہ چند روز میں خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے 57 کونسلرز کی بنیادی رکنیت معطل کر کے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے آرگنائزر فضل خان نے صوبے میں ضلعی سطح پر ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے پی ٹی آئی کے ایسے 57 کونسلرز کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر رکھا ہے جنہوں نے اِن بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا یا دوسری جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ دئیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ کوئی سیاسی جماعت اتنے بڑے پیمانے پر اپنے ہی اراکین کے خلاف کارروائی کرنے جا رہی ہے