اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پشاور پی اے ایف کیمپ پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کے کوائف انسداد دہشت گردی پرمامور ایک سول ادارے کی جانب سے ظاہر کئے گئے۔جنگ رپورٹر طاہر خلیل کے مطابق جس سے تفتیش کاروں کےلئے خاصی مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ تفتیش کے موجودہ مرحلے میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں، مدد گاروں، مالی امداد فراہم کرنے اورانہیں لاجسٹک سپورٹ دینے والوں کی نشاندہی کامرحلہ درپیش تھا جومتاثر ہوسکتا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ دہشت گردوں میں تین خیبرایجنسی اور دو سوات کے رہائشی تھے اور ان کا تعلق مولوی فضل اللہ گروپ سے تھا۔ ذرائع کے مطابق باقی دہشت گردوں کی نشاندہی کا کام جاری ہے۔ اس حوالے سے خیبر ایجنسی فاٹا میں کچھ گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔