اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام اور ہماری آئندہ نسلیں چین کے تاریخی اقتصادی پیکیج کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے ، چینی سرمایہ کاری سے 100میگا واٹ کا سولر منصوبہ اگلے ماہ مکمل ہوگا۔ لاہور میں چین کی توانائی کمپنی کے صدر یویانگ نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بہاولپور میں سی پیک کے تحت لگائے جانے والے سولر منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین کے صدر اور حکومت کی جانب سے سی پیک کے منصوبے پاکستان کے لئے عظیم تحفہ ہے ، توانائی کے متعدد منصوبے 2017 کے آخر تک بجلی کی پیداوار دے رہے ہوں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا چین کی سرمایہ کاری کی بدولت مختلف منصوبوں کے آغاز سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔