اسلام آباد( اپنے رپورٹر سے) سابق صدر وشریک چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کے بیانات پر اراکین پارلیمنٹ پھٹ پڑے ، اراکین پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کا فوج کے خلاف بیان قابل مذمت اورملک دشمنی کے مترادف ہے ، ملک اس وقت اداروں کے ٹکراﺅ کا متحمل نہیں ہو سکتا ، فوج کو متنا زعہ بنانا کسی کے مفاد میں نہیں ، پاک فوج کے خلاف بیانات پر قوم کو مایوسی ہوئی ہے ،بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اراکین پارلیمنٹ نے سابق صدر وشریک چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جس سے اداروں میں تلخی پیدا ہو پاک فوج ہمارے ملک کی فوج ہے ہمیں اسکا احترام کرنا چاہیے ،پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ جن باتوں کا ذکر ایپکس کمیٹی میں کیا گیا ہے وہ باتیں باہر کیسے آئیں اس پر بھی سوالیہ نشان ہے ملک اس وقت بہتری کی طرف جا رہا ہے اس موقع پر اداروں کا ٹکراﺅ نہیں ہو نا چاہیے نیشنل پارٹی کے میر حاصل بزنجو نے کہا کہ آصف علی زرداری کو متنازعہ بیان دینے سے گریز کرنا چاہیے جمعیت علماءاسلام(ف) کے رہنما اکرم خان درانی نے کہا کہ مجھے آصف علی زرداری کے لب و لہجہ پر حیرت ہوئی ہے انکے لہجہ میں تبدیلی کی وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آئیں ہیں آصف علی زرداری نے آل پارٹیز کانفرنس بھی بلانے کا کہا ہے جو کہ ایک دو روز میں منعقد ہو گی جس میں انکے اس لہجہ کی وضاحت بھی ہو جائے گی لیکن میں یہ سمجھتا ہوں کہ انہیں ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جس سے تلخی پیدا ہو تی ہو وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف بیانات ملک دشمنی ہے ہماری اپیل ہے کہ فوج اور سیکورٹی اداروں کو متنا زعہ نہ بنایا جائے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر آصف علی زرداری کی باتیں بری لگی ہیں تو انہوں نے اچھی باتیں بھی کی ہیں جیسا کہ انہوں نے کہا کہ سب ادارے ہمارے ہیں ہمیں مل کر ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کر نا ہو گا۔
مزید پڑھئے:جب طلاق ارب پتی بناگئی