اسلام آباد(نیوزڈیسک )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے پی ٹی آئی پر گمراہ کن مہم چلانے کے الزامات کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ترجمان شیریں مزاری نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ ‘نہ تو ہمارے وکیل اور نہ ہی الیکشن ٹریبونل کے جج نے ضمنی رپورٹ طلب کی’۔انہوں نے کہا کہ نادرا نے اس حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا ہے۔شیریں مزاری نے نادرا کو چیلنج کیا کہ وہ ایسی کسی درخواست کا ثبوت پیش کرے۔ترجمان شیریں مزاری نے کہا کہ نادرا کا جھوٹ اس بات کا عکاس ہے کہ اس پر حکومت کا کتنا دباو ہے۔شیریں مزاری نے مزید کہا کہ ان کی جماعت نادرا کے اس بیان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔