لاہور(نیوزڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ماہ رمضان میں سحروافطار کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔جبکہ باقی ملک کے شہروں میں6گھنٹے جبکہ دیہاتوں میں8گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جائیگی۔ لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمہ کا وعدہ2017 تک پورا کردیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار وزیرمملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے گزشتہ روز لیسکو ہیڈکوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائنوں کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ جون کے آخر تک مزید بجلی سسٹم میں شامل ہوجائیگی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر لوڈشیڈنگ کا خود جائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بجلی کا بل ادا نہ کرنیوالوں کو بجلی فراہم نہیں کی جائیگی جبکہ بجلی چوری میں ملوث صارفین کے علاوہ محکمہ کے افراد کیخلاف بھی سخت عملی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا چور میٹر ریڈرز کے خاتمہ کیلئے بل بھجوانے سے قبل صارفین کو یونٹس کا ایس ایم ایس کیا جائیگا۔ وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا کہ قوم سے کہا گیا لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا وعدہ2017 تک پورا کردیا جائیگا