گلگت ( نیوز ڈیسک) گلگت ڈسٹرکٹ جیل سے فرار ہونے والے دہشت گردوں کے خلاف مناور کے مقام پر آپریشن جاری ہے ، ابھی تک دونوں مفرور ملزموں کو پکڑنے میں کامیابی نہیں مل سکی۔گلگت ڈسٹرکٹ جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں کی گرفتاری کے لیےسیکورٹی فورسز کی کارروائی جاری ہے۔ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے مناور کے مقام پر پولیس نے مفرور قیدیوں کو گھیر لیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس انسپکٹر ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی بھی ہو گیا تاہم اندھیرا ہونے کی وجہ سے انہیں پکڑا نہیں جا سکا۔ گلگت سے مزید سیکورٹی بھی طلب کر کے مناور اور جگلوٹ کے علاقوں میں روانہ کر دی گئی ہے۔آئی جی ظفر اقبال اعوان کا کہنا تھا کہ بہت جلد دونوں کو دوربارہ گرفتار کر لیا جائے گا۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق قیدیوں کے فرار میں جیل کے بعض اہلکار بھی ملوث تھے۔ قیدیوں کو جمعرات کی رات بیرک میں بند ہی نہیں کیا گیا تھا اور انہیں اسلحہ بھی جیل کے اندر ہی فراہم کیا گیا۔ قیدی مسجد کی دیوار پھلانگ کر جیل کے مین ہال میں پہنچنے۔ حکومت نے واقعے پرآئی جی جیل خانہ جات فیصل سلطان ،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سمیت چار اہلکاروں کو معطل کر دیا تھا۔