سکھر: ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال دورجدید کی ضرورت بنتا جارہا ہے اور پاکستان میں میڈیا ہاوسز جلسے جلوسوں کی کوریج کے لیے اس سے استفادہ کرتے ہیں لیکن اب سندھ میں پولیس ڈاکووں کو پکڑنے کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی سے مدد حاصل کرے گی۔برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں ایس ایس پی سکھر تنویر حسین تنیو کا کہنا تھا کہ ان کی حدود میں زیادہ تر کارروائیاں کچے کے علاقے میں کی جاتی ہیں جہاں ڈاکووں نے اپنی محفوظ پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں اور پولیس کی ان مقامات تک رسائی کے وقت فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے جس سے فائرنگ کی سمت کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہوتا ہے اور ایسے میں ڈرون ٹیکنالوجی سمت کے تعین میں کافی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ایس ایس پی نے کہا کہ ہدف کی نشاندہی کے لیے ڈرون سب سے بہترین ٹیکنالوجی ہے اس کی مدد سے ڈاکووں کے فرار کو نا صرف ممکن بنایا جاسکتا ہے بلکہ غیر ضروری نقصان سے بھی بچاجاسکتا ہے جب کہ اس دوران ڈرون کیمرے کو فائرنگ سے بھی محفوظ رکھنا ضروری ہوگا۔ ایس ایس پی تنویر حسین کا کہنا تھا کہ پولیس نے اپنے تحت ڈرونز کی خریداری کی ہے اور ان کے استعمال اور نگرانی کے لیے ایک خصوصی گاڑی بھی تیار کرائی جارہی ہے