کراچی(این این آئی)تحریک انصاف کو کراچی میں بڑا سیاسی جھٹکا ،32یوسی چیئرمینزنے تحریک استحکام پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے 32 یو سی چیئرمینز نے استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ صوبائی صدر محمود مولوی کے گھر اہم بیٹھک میں حمایت کا اعلان کیا گیا۔استحکام پاکستان پارٹی سندھ کی قیادت کواہم سیاسی کامیابی ملی ہے اور پی ٹی آئی کو سندھ میں بڑا سیاسی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، کیوں کہ استحکام پاکستان پارٹی (IPP) نے تحریک انصاف کی بیک وقت 32 وکٹیں گرا دی ہیں۔
گزشتہ رات گئے آئی پی پی کے صوبائی صدرمحمود مولوی کے گھر اہم بیٹھک ہوئی، جس میں تحریک انصاف کے سندھ کے ارکان نے شرکت کی اور استحکام پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا گیا۔آئی پی پی میں شامل ہونے والوں میں کے ایم سی میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اسد امان اور ان کے ساتھ 31 دیگر یوسی چیئرمینز شامل ہیں۔ مذکورہ یوسی چیئرمنز نے جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کی حمایت سے انکار کیا تھا اور میئر کے انتخابات کے بائیکاٹ کے باعث مرتضی وہاب میئرکراچی بن گئے تھے۔
محمود مولوی نے کہا کہ آئی پی پی سندھ کی بڑی سیاسی جماعت بننے جارہی ہے۔ صوبے میں جلد سیاسی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ بڑے سیاسی رہنما جلد آئی پی پی میں شامل ہوں گے۔آئی پی پی کے صوبائی جنرل سیکریٹری علی جونیجو نے پی ٹی آئی کے رہنماں کو اپنی جماعت میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔