اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )آئی جی اسلام آباد عامرذوالفقار خان کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ قاضی جمیل الرحمان کو وفاقی دارالحکومت میں آئی جی تعینات کر دیا گیا ہے۔قاضی جمیل الرحمان اس سے قبل خیبرپختونخوا میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق مبینہ طور پر آئی جی جو شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم روکنے میں ناکامی کی وجہ سے ہٹایا گیا۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت سے پولیس کی چیک پوسٹس ختم کرنے کے بعد جرائم کی تعداد بڑھ گئی تھی۔ گزشتہ ہفتے وفاقی دارالحکومت میں 5 افراد قتل ہوئے تھے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فائرنگ کے علاوہ چوری، ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے واقعات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔اٹھائیس دسمبر کو مسلح افراد نے ایف 10 مرکز میں حساس ادارے کے ملازم کو لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے حساس ادارے کے ملازم کو قتل کر دیا۔ 29 دسمبر کو جی 10 فورمیں گھر کے باہر کھڑے شخص کو فائرنگ کر کے موت کی گھاٹ اتار دیا گیا۔انتیس دسمبر کو ہی مسلح افراد نے جیولری شاپ کے باہر دن دیہاڑے اندھا دھند گولیاں برسائیں جس سے سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گیا۔تین دسمبر کو تھانہ سبزی منڈی اور شمس کالونی کی حدود میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے 2 ٹرک ڈرائیورز کو ڈکیتی کی نیت سے روکنے کی کوشش کی اور ٹرک نہ روکنے پر سفاک ملزمان نے غریب ڈرائیوز کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔دو جنوری کی رات اسلام آباد پولیس کے اے ٹی ایس اہلکاروں نے گاڑی نہ روکنے پر طالب علم اسامہ ندیم کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔وفاقی دارالحکومت میں چوری، ڈکیتی اور موبائل فون چھیننے کے بھی متعدد واقعات ہوئے لیکن پولیس کسی مجرم کو گرفتار نہ کر سکی۔