اسلام آباد( آن لائن )پاکستان میں گزشتہ دو ہفتوں میں کورونا کے پھیلا میں 70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا کے تشخیصی ٹیسٹ بھارت اور بنگلہ دیش سے کم ہو رہے ہیں۔کیسز زیادہ رپورٹ ہورہے ہیں،اموات بھی زیادہ ہیں۔پاکستان میں 29 اپریل 2020 کو ہونے والے کل ٹیسٹوں میں سے 10.21 فیصد ٹیسٹ پازیٹیو آرہے تھے۔
یکم جون تک اس کی شرح میں اضافہ ہوتا گیا اور 20.36 فیصد روزانہ ٹیسٹوں میں سے پوزیٹیو رپورٹ ہورہے ہیں۔پاکستان میں 744 وینٹیلیٹر کورونا کے لیے مختص ہیں جن میں 29 فیصد پر مریض موجود ہیں۔پاکستان میں کورونا وائرس سے شرح اموات 2.13 فیصد ریکارڈ کی جا رہی ہے،ان میں سے 73 فیصد مریض ایسے تھے جن کو کورونا کے ساتھ دیگر بیماریاں بھی لاحق تھی۔باقی 27 فیصد صرف کورونا سے ہلاک ہوئے۔پاکستان کی کل اموات میں سے 93 فیصد کی ہلاکت اسپتالوں میں رپورٹ ہوئیں۔پاکستان کے 75 فیصد کورونا کے مریضوں کی عمر 50 سال سے کم ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چین سے زیادہ ہو گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ پاکستان میں رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چین سے زیادہ ہو گئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں پہلی مرتبہ ایک ہی دن میں 4 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 84 ہزار 921 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کے بعد وائرس زدہ افراد کی کل تعداد کورونا کے ابتدائی مرکز چین سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چین میں اس وقت کورونا کے متاثرین کی تعداد 83 ہزار 22 ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کا صرف ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی گنتی بھی 1700 سے زیادہ ہو چکی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ کورونا کے متاثرین صوبہ سندھ میں ہیں جن کی تعداد 32 ہزار 910 ہے جبکہ پنجاب میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 31 ہزار 104 ریکارڈ کی گئی ہے۔