لاہور( آن لائن )پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما راناثنا اللہ کا عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ میرے خون کا ٹیسٹ کرایا جائے اگر اس میں سگریٹ کے اثرات نکلیں تو کیس سنے بغیر ہی سزا دے دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نالائق اعظم کا بھی بلڈ ٹیسٹ کیا جائے۔رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ مجھے ابھی تک کیس کا ریکارڈ نہیں ملا۔کل ایک ٹیم نے تفتیش کی ہے۔
تمام تفصیلات مجھے ابھی تک نہیں دی گئیں۔ابھی تک میرا موقف بھی سرکاری سطح پر نہیں لکھا گیا۔رانا ثنا نے جیل میں ملنے والی سہولیات پر کہا کہ میں کسی سہولت نہ ملنے کا شکوہ نہیں کروں گا۔جتنا ظلم کرنا ہے کر لیں۔میں نے سوچ رکھا ہے کہ پاکستان میں ہی رہنا ہے۔میرے حوصلے بلند ہیں لیکن مجھ پر دبا بھی ہے۔یہ ظلم اور ظلم کی دہائی دینے کی بجائے اس للکارنا چاہئے۔یہ ظالم اپنا عبرتناک انجام بھگتیں گے۔ انہوں نے آرمی چیف سے بھی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔دریں اثنا مسلم لیگ(ن) کے نائب مریم نواز نے رانا ثناء اللہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں ان کی طبیعت دریافت کی ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز مریم نواز نے رانا ثناء اللہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان سے ان کی خیریت دریافت کی ۔ مریم نواز نے کہا کہ اتوار کو فیصل آباد میں جلسہ کرنے جا رہی ہوں آپ گھبرائیں نہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں ۔ آپ کو نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہونے کی سزا دی جا رہی ہے ۔جس پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میں گھبرایا نہیں ہوں ۔ نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں ۔ میں ان ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا ۔ میں ظلم کے خلاف دہائی دینے پر نہیں بلکہ ظالم کو للکارنے پر یقین رکھتا ہوں ۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میں اس ظلم کے خلاف اپنے لیڈر نواز شریف کے ساتھ پورے عزم کے ساتھ کھڑا ہوں ۔ حکمران اپنے سیاسی مخالفین پر منشیات کے جھوٹے مقدمات بنا رہے ہیں ۔ حکمران ٹولہ ملک کو خانہ جنگی کی دہلیز پر لے آیا ہے ۔ ہماری پارٹی کو مزید متحرک ہونے کی ضرورت ہے ۔