اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات نے شہریت کے قانون میں تبدیلی کرتے ہوئے غیر ملکیوں کو شہریت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے شہریت
کے قانون میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت سے منظوری لینے کے بعد اب سرمایہ کاروں،غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل افراد اور اپنے شعبوں میں خصوصی مہارتوں کے حامل افراد کو شہریت دی جائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ سائنسدانوں، ڈاکٹروں، انجینئروں، آرٹسٹوں اور اعلی ڈگریوں کے حامل افراد اور ان کے اہلخانہ کو بھی شہریت دی جائے گی۔ایسے لوگوں کو اماراتی پاسپورٹ دیا جائے گا جب کہ انہیں ان کی اصلی شہریت بھی رکھنے کی اجازت ہو گی۔اس کا مقصد دنیا کی ایسی شخصیات کو ملک کی تعمیر و ترقی میں شامل کرنا ہے جو ملک میں رہ کر مجموعی مفاد کے لیے کام کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو اماراتی کابینہ اور لوکل مجالس عاملہ کے ذریعے شہریت کے لیے منتخب کیا جائے گا۔اماراتی حکومت کے اس اقدام کا دنیا بھر کے افراد نے خیر مقدم کیا ہے اور اس فیصلہ کو سراہا۔