نیو یارک ( آن لائن)عالمی وبا کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ اس وبا کے باعث اب ایک نیا بحران سر اٹھانے لگا ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے سب سے موثر ہتھیار سمجھے جانے والے ماسک سنگین ماحولیاتی
آلودگی کا باعث بن رہے ہیں۔ ایک ارب 56 کروڑ سے زائد استعمال شدہ ماسک سمندری حیات کے لیے بڑا خطرہ بن گئے ہیں۔کورونا سے بچاؤ کے لیے ماسک تو ضروری ہیں مگر استعمال شدہ ماسک سے پلاسٹک آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور سمندری حیات کی زندگی بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ 4 ہزار 680 میٹرک ٹن وزنی ان ماسک کو تحلیل ہونے میں کم سے کم چار سو پچاس سال لگیں گے۔ ایک اندازے کے مطابق 2020 میں 52 ارب ماسک بنائے گئے ہیں۔پولی پروپیلین سے تیار کردہ ان ماسکس کو ایک بار استعمال کر کے پھینک دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ندیاں اور سمندر آلودہ ہو رہے ہیں۔یاد رہے کہ کرونا لاک ڈاؤن کے دوران دنیا بھر میں ماحولیاتی ا?لودگی میں واضح کمی دیکھی گئی تھی جس کا اعتراف بین الاقوامی اداروں نے بھی کیا تھا۔