ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی اکثریت کے اقامے کی مدت (آج)30 ستمبر کو ختم ہو گی تاہم پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے ٹکٹ نہ ملنے کے باعث ہزاروں پاکستانیوں کے بے روزگار ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے،کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں پھنس جانے والے ہزاروں پاکستانی پی آئی کے ٹکٹ ملنے کے انتظار میں ہیں تاہم انہیں ٹکٹ نہیں مل رہا جس کی وجہ سے
اقامے کی مدت ختم ہونے سے قبل سعودی عرب میں واپس روزگار پر پہنچنے کی امید دم توڑ گئی ہے۔ملک کے مختلف شہروں میں پی آئی اے دفاتر کے باہر سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی مزدوروں کی قطاریں لگی ہیں جو صورت حال سے انتہائی مایوس نظر آتے ہیں، انہوںنے کہاکہ 45 ہزار کا ٹکٹ 2 لاکھ میں بھی نہیں مل رہا، ملازمت پر واپس نہ جاسکے تو کیا ملک میں روزگار ملے گا؟ خاندان کا کیا ہوگا؟