نئی دہلی (این این آئی)انڈیا میں کورونا وائرس کے 40 ہزار نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی جو اب تک یومیہ تعداد میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق گذشتہ ہفتہ مہلک ترین رہا جس میں 230،000 سے زیادہ متاثرین کی تصدیق ہوئی تھی۔بھارت نے پچھلے ہفتے ایک ملین متاثرین کی حد کو عبور کیا تھا اور امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرا متاثرہ ترین ملک بن گیا تھا۔ہر 20 دن میں متاثرین کی دوگنی تعداد کے
ساتھ انڈیا اب عالمی سطح پر کورونا وائرس کا پھیلا کا مرکز ہے۔بھارتی میڈیا نے سرکاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ اس کے باوجود یہ بری خبر نہیں ہے ،اطلاعات کے مطابق پہلی بار اموات کی شرح 2.5 فیصد سے کم ہو گئی ہے۔وزارت صحت نے کہا کہ یہ عالمی اوسط سے بھی کم ہے اور انڈیا میں اموات کی شرح سب سے کم ہے۔اس کے علاوہ قومی دارالحکومت دہلی میں فعال متاثرین میں کمی واقع ہورہی ہے۔