ریاض (این این آئی )سعودی عرب میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے 70 فی صد سے زیادہ مریض تن درست ہوگئے ۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ سعودی ماہرین نے کرونا وائرس کے علاج کے لیے پروٹو کول وضع کیے تھے اور ان پر عمل درآمد کی وجہ سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔انھوں نے بتایا کہ
ان پروٹو کول میں کرونا وائرس کے علاج اور طریق کار کے تعلق سے عالمی سطح پر رونما ہونے والی کسی بھی نئی پیش رفت کی روشنی میں تجدید کی جاتی ہے۔وزیر صحت نے کہا کہ سعودی عرب میں گروپ 20 میں شامل دوسرے ممالک کے مقابلے میں کرونا وائرس سے اموات کی شرح انتہائی کم ہے جبکہ اس کے ہاں خلیج تعاون کونسل کے دوسرے رکن ممالک کے مقابلے میں کرونا کے مریض کی تعداد کافی زیادہ ہے۔انھوں نے بتایا کہ مملکت میں اب تک 83384 افراد اس مہلک وائرس کا شکار ہوئے ۔ ان میں 58883 مریض شفایاب ہوچکے ہیں جبکہ کووِڈ19 کے مرض میں مبتلا 480 افراد وفات پاگئے ہیں۔اس طرح مملکت میں اس وَبا سے شرح اموات صرف 0?6 فی صد ہے۔وزیر صحت ڈوکٹر توفیق الربیعہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ حکومت کا مملکت میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے یا مزید پابندیوں کا کوئی ارادہ نہیں تاہم فی الوقت عاید شدہ پابندیوں کے خاتمے کا انحصار حفاظتی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد پر ہوگا۔