سرینگر(اے این این) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ایک اور جعلی کارروائی کی اور پلوامہ طرز کا حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ وادی میں بھارتی فوج کی جانب سے جاری دعوے کے مطابق پلوامہ میں بدھ کی رات سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑے کار بم حملے کو ناکام بنادیا
جب انہوں نے 20 کلوگرام سے زیادہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد لے جانے والی گاڑی کو روکا۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پولیس نے بتایا، انٹلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر، ایک سفید ہنڈائی سانٹرو کار جس کاجعلی رجسٹریشن نمبر تھا،کو بدھ کی شب ایک چیک پوائنٹ پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا، لیکن اس نے تیز رفتار ی سے بیریکیڈ سے گزرنے کی کوشش کی۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی اور ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا اور کار پیچھے چھوڑ گیا۔کار کو، دھماکہ خیز مواد کے ساتھ، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بعد میں تباہ کردیا۔ اس بڑے دھماکے سے علاقے کے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے کہا کہ، اس کارکو رات سے نگرانی کی جارہی تھی۔۔ قریب گھروں میں موجود لوگوں کو نکال لیا گیا تھا اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذریعے گاڑی کو جائے وقوع پر تباہ کردیا گیا