ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں کرونا وائرس کے کیسوں کی یومیہ تعداد میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے میں 2235 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ مملکت میں اب تک کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 74795 ہوگئی ہے۔سعودی عرب کی وزارت صحت نے 16 مئی کو سب سے زیادہ 2840 کیسوں کی اطلاع دی تھی۔اس کے بعد کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں روزانہ کمی واقع ہورہی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے سوموار کو کرونا وائرس کے 2148 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی اطلاع دی تھی۔اس طرح اب تک کل متاثرہ مریضوں میں سے 45668 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ترجمان کے مطابق کرونا وائرس کا شکار نو مریض آج دم توڑ گئے ہیں۔وہ مختلف عوارض میں مبتلا تھے اور کووِڈ-19 کا شکار ہونے کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی تھی۔سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس سے 399 اموات ہوئی ہیں۔نئے تشخیص شدہ کیسوں میں 27 فی صد خواتین اور 73 فی صد مرد حضرات ہیں۔ ترجمان کے مطابق 41 فی صد نئے مریض سعودی شہری ہیں اور 59 فی صد مختلف قومیتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ڈاکٹر محمد العبد العالی نے ایک مرتبہ پھر لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ سماجی فاصلہ اختیار کرنے سے متعلق حکومت کی رہنما ہدایات پر عمل درآمد کریں، حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، چہرے پر ماسک پہنیں اور اجتماعات میں شرکت سے گریز کریں۔