نیویارک(این این آئی)امریکا کی ریاست نیویارک میں کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والی ایک خاتون ڈاکٹر نے خودکشی کر لی ہے۔ان کے خاندان ، پولیس اور ان کے ساتھی معالجین نے کہا ہے کہ کرونا کی وَبا پھیلنے کے بعد وہ بھی دوسرے بہت سے طبی کارکنان کی طرح ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئی تھیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ49 سالہ ڈاکٹر لورنا برین شارلوٹسویل، ورجینیا میں اپنے خاندان کے ساتھ رہ رہی تھیں۔انھوں نے خود کو زخمی کر لیا تھا اور وہ ان زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئیں۔
ڈاکٹر برین مین ہیٹن میں واقع نیویارک پریبسٹرین ایلن اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں کام کرتی تھیں۔اس اسپتال میں اب تک کرونا وائرس کے بڑی تعداد میں مریض لائے گئے ہیں۔ابھی یہ واضح نہیں کہ انھوں نے اپنے ہاتھوں زندگی کا خاتمہ کیوں کیا ہے۔ان کے خاندان ،پولیس اور ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ وہ کرونا کی وَبا پھیلنے کے بعد بہت زیادہ تناؤ کا شکار ہوگئی تھیں۔ان کے والد فلپ برین نے کہا کہ اس نے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے کی بھرپور سعی کی ہے مگر اس نے میری بیٹی کی جان لے لی ہے۔