مکہ مکرمہ (این این آئی)امام کعبہ اور جنرل پریزیڈینسی کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے عملے کے ساتھ خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم پر جراثیم کش کاموں میں حصہ لیا اور صفائی کی۔عرب میڈیا کے مطابق امامِ کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے نماز عشا سے قبل مسجد الحرام کی صفائی پر
مامور عملے کے ساتھ کعبہ اور مقام ابراہیم کی صفائی کی اور جراثیم سے پاک کرنے کے کاموں میں حصہ لیا۔ صحت حکام کی ہدایات کے تحت مسجد الحرام میں متعدد حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ کووڈ-19 کو پھیلنے سے روکا جائے جس میں نمازیوں کے درمیان فاصلہ رکھنا بھی شامل ہے۔مسجدالحرام کی صفائی جنرل پریزیڈنسی کی ذمہ داریوں میں شامل ہے اس کے علاوہ حجر اسود اور غلاف کعبہ کے انتظامات بھی ان کے فرائض کا حصہ ہیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث مسجد نبوی اور مسجد الحرام سمیت دیگر مساجد میں عارضی طور پر عام نمازیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی اور تمام مساجد میں باجماعت نماز کی ادائیگی کو بھی محدود کردیا تھا۔سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث عمرے پر بھی عارضی پابندی عائد کررکھی ہے جبکہ تاحال سعودی حکومت نے کسی بھی ملک سے حج کا معاہدہ بھی نہیں کیا۔رمضان سے قبل سعودی عرب میں سخت لاک ڈاؤن نافذ تھا، تاہم رمضان کی وجہ سے وہاں لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی۔