لندن(این این آئی)کورونا ّائرس کے خلاف تیار کی جانے والی ویکسین کے حوالے سے برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے حوصلہ افزا خبر آگئی ہے۔آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنس دانوں کے مطابق گزشتہ ماہ یونیورسٹی کی نئی ویکسین 6 بندروں پر آزمائی گئی تھی جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق 4 ہفتوں بعد تمام بندر صحت مند تھے اور
ان میں وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماری کورونا کی کوئی علامت نہیں پائی گئی۔کورونا وائرس کی نئی ویکسین کو محفوظ اور موثر ثابت کرنے کی کوشش میں 6 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ویکسین ٹرائل اگلے ماہ کے آخر تک شروع کیا جائے گا۔ماہرین کے مطابق ہنگامی منظوری ملنے کے بعد رواں سال ستمبر تک لاکھوں کی تعداد میں یہ نئی ویکسین دستیاب ہوسکتی ہے۔