ٹورنٹو (این این آئی)کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔جسٹن ٹروڈو نے بذریعہ ٹوئٹر مسلمانوں کو ایک ویڈیو پیغام دیا اور کہا کہ میری اور میری اہلیہ کی طرف سے بابرکت اور پرامن رمضان مبارک ہو۔انہوں نے کہا کہ عالمگیر وبا کورونا کے باعث امسال مسلم کمیونٹی ماہ رمضان کا اہتمام گھروں پر کریں۔
کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ اس ماہ میں مسلمان عبادت کا احترام کرتے ہیں اور پورے دن روزہ رکھ کر شام میں افطار کرتے ہیں، یہ وقت مسلمانوں کو ایک دوسرے سے ہمدردی، بھائی چارگی اور خدمات کے اسلامی جذبے سے سر شار کرتا ہے اور ہم اسلامی اقدار کا دل کی گہرائیوں سے احترام کرتے ہیں۔جسٹن ٹروڈو نے کہا میں جانتا ہوں اس سال کا رمضان سب کے لیے پہلے سے مختلف ہو گا تاہم مسلم کمیونٹی نے کینیڈا کو ہمیشہ بہتر اور مضبوط بنایا ہے، اس لیے ہم اپنے رضاکاروں کے ذریعے پوری کوشش کریں گے کہ سب کی اشیاء ضروریہ کا خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم کمیونٹی نے کینیڈا کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور اب ہمیں اس موقع پر ان کے لیے اپنی خدمات انجام دینے کی ضرورت ہے۔جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ہم یہاں کی مسلم کمیونٹی اور کینیڈا کے لیے اْن کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں اور رمضان المبارک کی آمد پر بہت خوش ہیں۔