ریاض (این این آئی ) سعودی عرب میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے شام سات بجے سے صبح چھ بجے تک لگائے گئے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والی سعودی لڑکی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے بتایاکہ گرفتار شدہ لڑکی سے تفتیش جاری ہے۔
الزام ثابت ہونے پر اسے امن عامہ میں خلل ڈالنے کی سزا ہو سکتی ہے۔ استغاثہ کا کہنا تھا کہ امن عامہ میں خلل ڈالنا بڑا جرم ہے جس کے ارتکاب پر 5 سال قید اور 30 لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔قبل ازیں سعودی پبلک پراسیکیوشن نے کرفیو کی خلاف ورزی پر اکسانے والی سعودی لڑکی کو گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ سوشل میڈیا کے مختلف ذرائع پر ایک مشہور سعودی لڑکی کا ویڈیو پیغام وائرل ہوا ہے جس میں اس نے لوگوں کو کرفیو کی خلاف ورزی پر اکسایا ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں لڑکی نے کہا کہ 10 ہزار کا جرمانہ رکھیں یا 10 لاکھ کا، میں تو گھر میں نہیں بیٹھوں گی‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’کرفیو کی پابندی کرنا میرے بس میں نہیں، میں گھر سے باہر نکلنے، لوگوں سے ملنے جلنے اور سیر وتفریح کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی۔