مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ کو 8 ماہ کی حراست کے بعد رہا سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبداللہ کو 8 ماہ کی حراست کے بعد رہا کردیا گیا۔بھارتی حکومت کی جانب سے گزشتہ برس 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو حراست میں لے کر نظر بند کردیا گیا تھا تاہم صرف عمر عبداللہ کی رہائی عمل میں آئی اور محبوبہ مفتی تاحال زیر حراست ہیں، رہائی کے بعد انہوں نے زیر حراست دیگر افراد کو بھی رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ رہائی کا فیصلہ کورونا وائرس کے پیشِ نظر ان کی صحت کے حوالے سے تشویش پر کیا گیا ہے۔