تہران (این این آئی )کرونا کے مہلک وائرس کو عام زکام قرار دینے والی ایران کے سرکاری ٹی وی کی پیش کار اب خود اس مہلک مرض کا شکار ہوگئی ہیں اور انھیں قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹی وی پیش کار عاطفہ میر سیّدی نے ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کے ابتدائی ایام میں کہا تھا کہ یہ کوئی زیادہ خطرناک نہیں ہے۔
اس پر انھیں کڑی تنقید کا نشانہ بننا پڑا تھا۔انھوں نے 21 فروری کو سرکاری ٹی وی پر ایک پروگرام کے دوران میں کہا تھاکہ اس وائرس سے زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ضبط وتحمل کا مظاہرہ کیجیے۔یہ عام زکام کی طرح آئے گا اور چلا جائے گا۔اس سے دو روز پہلے ہی ایران نے سرکاری طور پر کرونا وائرس کے مریضوں کی اطلاع دی تھی اور اس سے ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔