نئی دہلی (این این آئی )بھارت نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر اہم سیاحتی مرکز تاج محل کو بند کردیا اور سرکاری ملازمین کو بھی چھٹیوں پر بھیجنے کی ہدایت کردی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی حکومت نے تجارتی مرکز ممبئی میں ہسپتالوں اور ایئرپورٹ کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان افراد فہرست مرتب کریں جنہیں آئسولیشن میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔بھارت میں صحت کے موجودہ
نظام کے پیش نظر کورونا سے نمٹنے کے لیے دباو کے خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ مرکزی حکومت نے اکثر ویزے بھی منسوخ کردیے ۔رپورٹ کے مطابق تاج محل کے علاوہ کئی سیاحتی مقامات اور اجانتا عجائب گھر سمیت مذہبی مقامات کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ممبئی میں اس سے قبل اسکولوں، سنیماو?ں، شاپنگ مال اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔بھارت نے نہ صرف یورپ، برطانیہ و ترکی جیسے ممالک کے شہریوں پر ملک میں داخل ہونے پر پابندی عائد کردی ہے بلکہ بیرون ممالک رہنے اور وہاں کی شہریت رکھنے والے بھارتیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔بھارتی میڈیکل ریسرچ کونسل کے سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ حکام ایک ہزار سے زائد مریضوں کا جائزہ لے رہے ہیں جنہوں نے ان علاقوں کا سفر کیا ہے جہاں کورونا وائرس کے کیسز سامنے نہیں آئے تاکہ ملک میں وائرس کے پھیلنے کی وجوہات کا سراغ لگایا جائے۔