ریاض(این این آئی )سعودی عرب میں جنرل اتھارٹی برائے شماریات(جی اے ایس ٹی اے )نے ملک میں جاری مردم شماری اور خانہ شماری کا عمل کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر تا حکم ثانی معطل کردیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے بتایا کہ سعودی مردم شماری برائے 2020 کے منصوبے پر عارضی طور پر عمل درآمد روکنے کا فیصلہ محکمہ صحت کی
طرف سے کرونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے جاری مردم شماری کے عمل کے دوران خانہ شماری کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ گذشتہ جمعہ تک سعودی عرب میں خاندانوں کی تعداد کو بھی حتمی شکل دے دی گئی تھی۔ محکمہ صحت کی طرف سے دی جانے والی ہدایات کے بعد مردم شماری کا مزید کام روک دیا گیا ہے۔