روم (این این آئی)اطالوی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شمالی اٹلی کو عملاً قرنطینہ کر دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس طرح پندرہ ملین افراد کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے۔ اتوار آٹھ مارچ کو روم حکومت نے وائرس کی وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنی ایک چوتھائی آبادی کو محدود مدت کے لیے سخت پابندیوں میں جکڑ دیا ہے۔
یورپ میں یہی شمالی علاقہ کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کا مرکز قرار دیا جا رہا ہے۔ ہفتے اور اتوار کی نصف شب کے قریب ملکی وزیراعظم جْوزپے کونٹے نے اس فیصلے کے حکم پر دستخط کیے۔ اس حکم کے بعد لمبارڈی اور قرب و جوار کے چودہ دوسرے صوبوں کی خصوصی نگرانی تین اپریل تک جاری رہے گی۔ شمالی اٹلی کو الگ کرنے کا حکم بھی تین اپریل تک نافذ العمل رہے گا۔