برسلز(این این آئی) یورپی یونین کی سیاسی پناہ سے متعلق ایجنسی (ای اے ایس او)نے کہاہے کہ 2019 میں سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں کی تعداد میں سن 2018 کے مقابلے میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر یورپی یونین، ناروے، آئس لینڈ، لائشٹن شٹائن اور سوئٹزرلینڈ میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں کی تعداد گزشتہ برس سات لاکھ چودہ ہزار رہی، جو سن 2018 کے
مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہے۔ یورپی ادارے کے مطابق سیاسی پناہ کے زیادہ تر درخواست گزاروں کا تعلق ان ممالک سے تھا، جنہیں شینگن ممالک کے سفر کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ان ممالک میں وینزویلا، کولمبیا، ایل سیلواڈور اور ہونڈورس شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سیاسی پناہ کے نئے درخواست گزاروں میں شامی باشندوں کی تعداد 72 ہزار جب کہ افغان شہریوں کی تعداد 60 ہزار تھی۔