ریاض( آن لائن )شہزاد محمد بن سلمان نائب مملکت مقررکر دئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے شاہی فرمان میں کہا ہے کہ ان کے بیرون ملک دورے کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امور مملکت چلائیں گے۔
سعودی خبر رساں ادارے سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نائب الملک ہوں گے۔خیال رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے اصلاح پسند ویژن اور روشن خیالی کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک معروف و مقبول شخصیت بن چکے ہیں۔ انہوں نے جس طرح سعودی عرب کو چند سالوں میں ہی ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے، خصوصا سعودی خواتین کو ان کے حقوق دلانے اور انہیں معاشی و سماجی سرگرمیوں کا حصہ بنانے میں بھی ان کا کردار بہت قابلِ تحسین ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سعودی مملکت کو جدید ترین خطوط پر ترقی دینے کے عزم پر کاربند ہیں۔اس حوالے سے ان کے ویژن 2030 کو بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے جس کے تحت سعودی خواتین کو بھی افرادی قوت کا اہم حصہ بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ سعودی ولی عہد سعودی مملکت کو اعتدال پسند معاشرے کا روپ دینے میں بہت حد تک کامیاب ہو چکے ہیں۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے انقلابی و اصلاحی اقدامات کو نہ صرف سعودی مملکت کے عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مِل رہی ہے، بلکہ دنیا بھر کا میڈیا بھی ان کی قائدانہ بصیرت اور انتظامی صلاحیتوں کا معترف نظر آتا ہے امریکہ کے معرو ف مجلے فارن پالیسی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو 100بین الاقوامی دانشوروں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔