سرینگر(آن لائن)پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)نے مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سفیروں کے وفد سے ملاقات کرنے والے پارٹی کے آٹھ رہنماوں کو پارٹی سے نکال دیا ہے ، اور کہا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کے ساتھ تعاون کرکے “عوام کی مرضی کے خلاف” گئے ہیں۔پی ڈی پی کے ترجمان سہیل بخاری نے ساوتھ ایشین وائر کوبتایا کہ پارٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کی
پاداش میں دلاور میر، رفیع احمد میر، ظفر اقبال منہاس، قمر حسین، راجا منظور، جاوید، بیگ، عبدالمجید پڈر، اور عبدالرحیم راتھر کو برطرف کیا گیا ہے۔یہ سبھی سیاسی لیڈر سرینگر میں غیر ملکی سفارتکاروں سے ملے تھے ۔ایک پریس ریلیز میں محبوبہ مفتی کی زیرقیادت پارٹی نے کہا کہ اس کی انضباطی کمیٹی نے ان رہنماوں کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے نکالنے کی سفارش کی ہے۔ 5 اگست کے بعد کی پیش رفت اور حکومت ہند کے یکطرفہ اقدام سے لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے ، اور کچھ پارلیمنٹیرینز نے سرکاری پوزیشن اور پارٹی کے بنیادی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پی ڈی پی کے آٹھ رہنماوں نے پی ڈی پی کے سابق رہنما سید الطاف بخاری کی زیر قیادت وفد میں لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو سے ملاقات کی۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سفیروں کے وفد سے بھی ملاقات کی تھی۔بخاری کو گذشتہ سال کے اوائل میں “پارٹی مخالف سرگرمیوں” پرپی ڈی پی سے نکال دیا گیا تھا ۔