مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)اسرائیل نے اپنی جنوبی سرحد پر سیکیورٹی بڑھانے، شام اور لبنان کی سرحد پر فوج کی اضافی نفری تعینات کرنے کے بعد دنیا بھرمیں اپنے سفارت خانوں کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ عراق میں امریکی فوج کی کارروائی میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے
کئی ساتھیوں کی شہادت کے واقعے کے بعد اسرائیلی مفادات کو خطرات لاحق ہیں۔ ان خطرات کے پیش نظر عالمی سطح پر اسرائیلی سفارت خانوں کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ جنوبی سرحد پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سرحد کے خالی علاقوں، جنگلات کے اطراف میں گشت کرنے والی نفری بڑھا دی ہے۔