ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے جامعات میں داخلے کے حوالے سے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکی باشندوں کی شکایات پر اپنے رد عمل میں جعلی فون کالز سے مکمل لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق کچھ شہریوں اور غیرملکی باشندوں کی طرف سے یہ شکایات موصول ہوئی تھیں کہ انہیں وزارت خارجہ کے نامعلوم عہدیداروں کی طرف سے گمنام فون کالز موصول ہوئی ہیں جن میں یونیورسٹی میں داخلہ فراہم کرنے یا اسناد کی تصدیق اور دیگر سرکاری دستاویزات کی
تیاری اور تصدیق کے لیے رقوم مانگی جا رہی ہیں۔وزارت خارجہ میں پبلک افیئرزکے سیکرٹری سعود بن صالح کاتب نے کہا کہ وزارت خارجہ کا غیر قانونی طور پر دھوکہ دہی ، فراڈ ،رقوم حاصل کرنے کے لیے رابطوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایک بیان میں صآلح کاتب نے کہا کہ وزارت خارجہ شہریوں اور غیرملکی باشندوں کو تاکید کرتی ہے کہ وہ کسی گم نام اور فراڈ کال پر کان نہ دھریں۔ ایسی کسی بھی مشکوک کال کی صورت میں حکام سے رابطہ کریں تاکہ نوسرباز عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے۔