بغداد(این این آئی)بغداد کے مشرق میں واقع صدر شہر میں مظاہرین اور پولیس کے مابین جھڑپوں کے دوران 8 افراد ہلاک جبکہ 25 کے قریب زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طبی ذرائع نے بتایاکہ الصدر شہر میں پولیس اور مظاہرین کے مابین ہونے والے خون ریز تصادم میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے جنہیں اسپتالوں میں لایا گیا ۔وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معن الموسوی نے کہا کہ اس سے قبل ملک میں مظاہروں کے دوران 104 افراد ہلاک اور 6000 سے زیادہ
زخمی ہوگئے ۔وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کے 8 اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ مظاہرین نے 51 عوامی عمارتوں اور آٹھ سیاسی جماعتوں کے صدر دفاتر کو آگ لگا دی۔سعد معن الموسوی نے عراق میں دفاع ، داخلہ ، صحت اور مشترکہ آپریشن کی وزارتوں کے ترجمانوں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مظاہرین کو نشانہ بنانے کے پیچھے بدنیتی پر مبنی ہاتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پرتشدد مظاہروں کے پیچھے کس کا ہاتھ ہوسکتا ہے، اس کی تحقیقات شروع کی ہیں۔