واشنگٹن(آن لائن)بھارت نے امریکی سینیٹر کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے سے روک دیا۔ امریکی اخبار کے مطابق امریکی سینیٹر کرس ہولین نے بتایا کہ رواں ہفتے بھارت کے دورے کے دوران مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔۔امریکی ریاست میری لینڈ کے ڈیموکریٹ نمائندہ کریس ہولین نے بتایا کہ وہ خود مقبوضہ کشمیر جا کر زمینی حقائق کا جائزہ لینا چاہتے تھے۔نئی دہلی میں اپنے
انٹرویو میں امریکی سینیٹر نے بتایا کہ اگر بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں کچھ نہیں چھپا رہی تو لوگوں کو وادی کا دورہ کرنے سے روکنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ان کا کہنا تھا کہ لوگ اپنی نظروں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور امریکا مشترکہ اقدار پر بہت بات کرتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ اس معاملے پر شفافیت کا مظاہرہ کیا جائے۔