دبئی (این این آئی)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں ایک پاکستانی شخص کو ملائیشیا کی شادی شدہ خاتون کو زبردستی جنسی تعلقات کیلئے مجبور کرنے کے جرم میں 6 ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 35 سالہ پاکستانی شخص اور 33 سالہ ملائیشین خاتون دبئی کے ایک ہی گھر میں پیرا میڈیکل سٹاف کے طور پر کام کرتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی ڈسپینسر نے ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی 33 سالہ خاتون نرس سے جنسی تعلقات استوار کرنے کیلئے بار بار مطالبہ کیا تھا۔متاثرہ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ پاکستانی شخص نے ابتدائی طور پر انہیں جنسی تعلقات استوار کرنے کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا۔متاثرہ خاتون نے کہا کہ انہوں نے پاکستانی شخص کو بتایا تھا کہ وہ شادی شدہ ہیں اور اپنی زندگی سے خوش ہیں اور وہ ان سے تعلقات استوار نہیں کر سکتیں۔ملائیشین خاتون نے عدالت کو بتایا کہ گزرتے وقت کیساتھ پاکستانی شخص کا رویہ سخت ہوتا گیا اور وہ انہیں دھمکانے اور جنسی طور پر ہراساں کرنے لگے۔خاتون نے بتایا کہ وہ پاکستانی شخص کی جانب سے بلیک میل کئے جانے اور جنسی تعلقات استوار کرنے کیلئے دباؤ ڈالنے پر پریشان تھیں اور انہیں ڈر تھا کہ اگر مالکان کو پتہ چلا تو وہ انہیں نوکری سے نکالنے سمیت پولیس کی ان کی شکایت کردیں گے۔ملائیشین نرس کے مطابق انہوں نے ہمت کرکے اپنے مالک کی اہلیہ کو اپنے ساتھ ہونیوالی ناانصافی سے متعلق بتایا جنہوں نے ان کا ساتھ دیا اور ملزم کیخلاف کارروائی ہوئی۔پاکستانی شخص نے عدالت میں ملائیشین خاتون کیساتھ نامناسب عمل اختیار کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات مسترد کئے۔عدالت نے پاکستانی ڈسپینسر کو 22 ستمبر کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی اور ساتھ ہی انہیں سزا مکمل کرنے کے بعد ملک سے بے دخل کرنے کا حکم دے دیا۔