کویت سٹی(این این آئی) کویت نے خطے کی صورتحال کے پیش نظر مسلح افواج کو ہائی الرٹ کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کویت نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد اپنی فوج کو ہائی الرٹ کیا۔ کویت کے نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ الشیخ صباح الخالد الصباح کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کو ملک کی سکیورٹی کو غیر مستحکم کرنے والے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے تیار رہنا چاہیے۔الشیخ صباح الخالد الصباح نے کہا کہ کویت تیل تنصیبات پر حملوں کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور کسی
بھی ناخوشگوار واقعے پر سعودی عرب کا ساتھ دیں گے۔خیال رہے کہ کویت سعودی عرب کا اہم اتحادی ہے جو خطے کے ہر معاملے پر سعودی عرب کی حمایت کرتا ہے۔گزشتہ دنوں سعودی عرب کی دو بڑی آئل فیلڈز پر ڈرون حملے کیے گئے تھے جن میں آرامکو کمپنی کے بڑے آئل پروسیسنگ پلانٹ عبقیق اور مغربی آئل فیلڈ خریص شامل ہیں۔سعودی عرب میں حملوں کے بعد مشرق وسطی میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے اور ساتھ ہی تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ امریکا نے براہ راست ان حملوں کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا ہے تاہم ایران نے اِن الزامات کی تردید کی ہے۔