واشنگٹن(این این آئی)امریکی ریپبلکن رکن کانگرس ایڈم کینزنگر نے کہاہے کہ ایران کے ساتھ جنگ چھڑنے کا موقع ہر دم موجود رہتا ہے۔امریکی جریدے کے مطابق امریکی عسکری قوت کے غلبے کی مہربانی سے اس قبیل کے کسی بھی تنازع کا فیصلہ مختصر عرصے میں ہو جائے گا۔ اگر تہران نے اشتعال انگیزی کی کوششوں کو دہرایا تو اسے بہت تھوڑے وقت میں تباہ کر دیا جائے گا۔ ایڈم نے کہا کہ ایران ہمیں
(امریکا) کو اشتعال دلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ لہذا اس کی تکرار کی صورت میں رد عمل مناسب جواب ہو گا۔ اگر عسکری مقابلہ ہوا تو یہ یک طرفہ ہو گا۔تہران کی جانب سے یورینیم کی افزودگی کا پروگرام دوبارہ شروع کیے جانے کی دھمکی کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان زبانی جنگ کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ یہ پروگرام ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدہ طے پانے کے بعد روک دیا گیا تھا۔