مکہ مکرمہ (این این آئی)اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے امارات کے مقابل تیل بردار جہازوں اور سعودی عرب میں آئل پمپنگ کے دو اسٹیشنوں پر حملوں کی پروز مذمت کی ہے اورکہاہے کہ عالمی برداری سمندری جہاز رانی کی سلامتی اور خطے کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے
اپنی ذمے داری قبول کرے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ میں تنظیم کے 14 ویں سربراہ اجلاس کے اختتام پر جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی سعودی عرب کے شہروں دوادمی اور عفیف میں تیل تنصیبات پر دہشت گردانہ حملوں اور امارات کے پانیوں میں تیل بردار جہازوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے جن کا مقصد خطے کے ممالک کے مفادات اور تیل کی عالمی ترسیل کو نشانہ بنانا ہے۔اسی طرح تنظیم کے بیان میں سعودی عرب کے ساتھ یک جہتی اور مملکت کی جانب سے اپنی قومی سلامتی اور تیل کی ترسیل کے تحفظ کے مقصد سے کیے جانے والے تمام تر اقدامات کے لیے لا محدود سپورٹ کا اظہار کیا گیا۔تنظیم نے متحدہ عرب امارات کے پانی میں چار تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کو ایک مجرمانہ عمل قرار دیا جو بین الاقوامی جہاز رانی کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔اسلامی تعاون تنظیم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ سمندری جہاز رانی کی سلامتی اور خطے کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمے داری قبول کرے۔